Friday, June 5, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومکامرسماحولیاتی تحفظ پائیدار اقتصادی ترقی کی کلید ہے: سردار طاہر محمود

ماحولیاتی تحفظ پائیدار اقتصادی ترقی کی کلید ہے: سردار طاہر محمود

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی وسائل کے تیزی سے زوال کو عالمی سطح پر درپیش سنگین چیلنجز قرار دیتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر چیمبر ہاؤس میں کاروباری شخصیات کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سردار طاہر محمود نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول نہ صرف انسانی صحت اور معیارِ زندگی کے لیے ضروری ہے بلکہ پائیدار اقتصادی ترقی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل اب کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومتوں، نجی شعبے، تعلیمی اداروں اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں سیلاب، شدید گرمی، پانی کی قلت اور دیگر ماحولیاتی خطرات معیشت اور عوامی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری ماحول کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے صنعتوں اور تجارتی اداروں کو ماحول دوست پالیسیوں کو اپنانا، توانائی کے متبادل اور قابلِ تجدید ذرائع کے استعمال کو فروغ دینا، قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا اور صنعتی و تجارتی فضلے میں کمی لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ گرین ٹیکنالوجیز کا استعمال، توانائی کی بچت، کاربن اخراج میں کمی اور پائیدار کاروباری طریقہ کار نہ صرف ماحول کے تحفظ میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ کاروباری اداروں کی طویل المدتی ترقی اور مسابقتی صلاحیت میں بھی اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے تکمیلی عناصر ہیں اور قومی خوشحالی کے لیے دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے، ماحول دوست کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرسبز و صاف پاکستان کے قیام کے لیے حکومتی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقین بشمول پالیسی سازوں، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ قدرتی وسائل کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، صحت مند اور پائیدار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔