Friday, June 5, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان۔ایتھوپیا تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان۔ایتھوپیا تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز) :وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے آج اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایتھوپیا کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء میں ایتھوپیا کے تاریخی دورے اور ادیس ابابا میں پاکستان کے سفارت خانے کے افتتاح کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔


انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے سے سفارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور علاقائی و عالمی امور میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سینیٹ آف پاکستان میں پاکستان۔ایتھوپیا فرینڈشپ گروپ کے قیام کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ فورم دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور مستقل مکالمے کو فروغ دے گا۔ انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی فورمز بشمول اقوام متحدہ ، آئی پی یو، سی پی اے اور ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے بانی چیئرمین کے طور پر پارلیمانی سفارتکاری کو عالمی امن، تعاون اور جامع ترقی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا اور ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت کو اس پلیٹ فارم پر فعال تعاون کی دعوت دی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر کو وفد کے ہمراہ پاکستان کا دودہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ اعلی سطح وفود کے تبادلوں سے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
اقتصادی تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی “اینگیج افریقہ پالیسی” کو افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تزویراتی روابط کے فروغ کا مؤثر فریم ورک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے اصل معاشی امکانات کی عکاسی نہیں کرتا اور زراعت، انجینئرنگ، کاسمیٹکس، ادویات، ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اسپورٹس گڈز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے قیام اور براہِ راست فضائی روابط کے ذریعے عوامی روابط میں اضافے کا خیرمقدم کیا۔
ماحولیاتی تعاون کے حوالے سے انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ “ایتھو۔پاکستان گرین ڈائیلاگ” کو ماحول دوست تعاون کی مثبت مثال قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی و ثقافتی ورثے کا حوالہ دیتے ہوئے سیاحت، تعلیمی وظائف، جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط اور مشترکہ تحقیق کے فروغ پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید یاد دلایا کہ سینیٹ آف پاکستان نے 25 مئی 2025ء کے خصوصی اجلاس میں افریقہ ڈے سے متعلق تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جس کے تحت 25 مئی کو پاکستان۔افریقہ دوستی کے دن کے طور پر منانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی، تعلیمی، ماحولیاتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے چیئرمین سینیٹ کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایتھوپیا اور افریقی براعظم کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔