Wednesday, June 3, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینپاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں: ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں: ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو

آئی سی سی آئی اگست میں تجارتی وفد ترکیہ لےکر جائے گا: سردار طاہر محمود

اسلام آباد: پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو مزید گہرے معاشی تعاون میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود کر رہے تھے۔ وفد نے ترک سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ، مثالی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور گہری دوستی کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین سفارتی تعلقات کے باوجود دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی معاشی استعداد کے مطابق نہیں ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے نجی شعبے، چیمبرز آف کامرس اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستانی اور ترک کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کے لیے ترک سفارتخانے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے، بزنس نیٹ ورکنگ اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ ترکیہ پاکستانی عوام کے دلوں میں ایک خصوصی مقام رکھتا ہے اور پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تعمیرات، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، صحت، تعلیم، قابلِ تجدید توانائی اور مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں وسیع تعاون کے مواقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ترکیہ کے ساتھ اقتصادی روابط کے فروغ اور کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ سردار طاہر محمود نے سفیر کو آگاہ کیا کہ آئی سی سی آئی اگست 2026ء میں ترکیہ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا، براہِ راست کاروباری روابط قائم کرنا اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے ترک سفارتخانے سے درخواست کی کہ وہ اس دورے کے دوران ترک چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں کے انعقاد میں تعاون فراہم کرے۔
سردار طاہر محمود نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون تجارتی حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور دونوں ممالک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مضبوط ادارہ جاتی روابط اور کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلے دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور مشترکہ اقتصادی تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔
آئی سی سی آئی کے وفد میں
نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدر شیخ عامر وحید، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ شامل تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔