Thursday, May 21, 2026
ہومپاکستانبیمار وکیل کا متبادل نہیں آیا تو ریکارڈ پر فیصلہ دیا جائے گا،اسلام آباد ہائیکوٹ کا 190ملین پاونڈ کیس میں بڑا حکم

بیمار وکیل کا متبادل نہیں آیا تو ریکارڈ پر فیصلہ دیا جائے گا،اسلام آباد ہائیکوٹ کا 190ملین پاونڈ کیس میں بڑا حکم

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ہائیکورٹ میں 190ملین پاونڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر اہم پیش رفت ہوئی اور عدالت نے حکم دیا کہ بیمار وکیل کا متبادل نہیں آیا تو ریکارڈ پر فیصلہ دیا جائے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کی 190 ملین پاونڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پرسماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا

جس میں کہا گیا ہے کہ وکیل بیمار ہیں تو متبادل وکیل لائیں، ورنہ ریکارڈ پر فیصلہ کر دیں گے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے طبی بنیادوں پر التوا کی درخواست دی گئی، سلمان صفدر آنکھ کے پردے (ریٹینا)کے طبی عارضے میں مبتلا ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر اپیل کنندہ کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دیا گیا تھا، آئندہ سماعت پر بھی وکیل صفائی طبی وجوہات کے باعث دستیاب نہ ہوئے تو اپیل کنندہ متبادل وکیل پیش کریں۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ متبادل وکیل نہ ہونے کی صورت میں اپیل کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق کر دیا جائے گا۔عدالت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں اور حکم دیا کہ وکالت نامہ تمام قانونی ضابطے پورے کر کے فوری طور پر وکیل کو واپس کیا جائے۔عدالت نے وکلا کو بھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور مقدمے کی اگلی سماعت 18 جون 2026 کو مقرر کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔