Friday, May 15, 2026
ہومآزاد کشمیرمظفرآباد: کشمیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ممتاز شخصیات کی شرکت

مظفرآباد: کشمیر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ممتاز شخصیات کی شرکت

مظفرآباد:کشمیر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام طارق آباد میں ایک پروقار تقریب تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز مذہبی، سماجی اور فلاحی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بچوں کی حوصلہ افزائی، تعلیمی و اخلاقی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور معاشرے میں مثبت سوچ کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین اتحاداسلامی و سابق چیئرمین متحدہ جہاد کونسل سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ تھے۔

اس موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر المصطفیٰ ویلفیئر سو سائٹی عتیق احمد کیانی، مرکزی ناظمِ اعلیٰ اہلِ حدیث آزاد جموں و کشمیر محمد امین بٹ سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ادارہ ہذا کے ڈائریکٹر بشیراللہ خان انقلابی نے کی۔تقریب کے دوران بچوں میں نمایاں کارکردگی پر انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مہمانانِ خصوصی نے بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ شرکاء نے فاؤنڈیشن کی تعلیمی، اخلاقی اور فلاحی خدمات کو بے حد قابلِ تحسین قرار دیا۔

مہمانِ خصوصی سید منظور احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں کی ترقی تعلیم، تربیت اور کردار سازی سے وابستہ ہوتی ہے، اور یہ ادارہ جس خوبصورت انداز میں بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت کر رہا ہے، وہ لائقِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں جو نئی نسل کو مثبت سوچ، دینی شعور اور قومی ذمہ داری کا احساس دلاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج یہاں آ کر خوشی ہوئی کہ محدود وسائل کے باوجود بہترین نظم و ضبط کے ساتھ ایک معیاری ماحول میں بچوں کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس طرح کے پروگرام نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر انہیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جاتے ہیں۔مرکزی سیرت کمیٹی کے صدر علامہ عتیق احمد کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئی نسل کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق تربیت دی جائے تو معاشرہ امن، بھائی چارے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔مرکزی ناظمِ اعلیٰ اہلِ حدیث آزاد جموں و کشمیر محمد امین بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے، اگر ان کی صحیح خطوط پر تربیت کی جائے تو یہی بچے کل قوم و ملت کا سرمایہ ثابت ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر ادارہ ہذا کے ڈائریکٹر بشیراللہ خان انقلابی نے تمام مہمانانِ گرامی، والدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ تعلیمی، فلاحی اور تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، کشمیر کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔