مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں صدرِ ریاست کے انتخاب کیلئے پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ صدارتی امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چیف الیکشن کمشنر/ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو ہی کاغذات جمع کرانے کے فوراً بعد کی جائے گی جبکہ صدارتی امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11:30 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر صدارتی انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی، جس کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی جائے گی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر سے درخواست کی ہے کہ صدارتی انتخاب کے انعقاد کیلئے 24 ستمبر کو قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔
