اسلام آباد(آئی پی ایس )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بیجنگ ٹی ڈی ڈی ای کامرس کے درمیان ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد پاک چین تجارت کو 100 ملین ڈالر تک بڑھانا ہے۔ معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں منعقدہ آئی بی او پاکستان ڈیجیٹل اکانومی ہیڈ کوارٹرز کے افتتاح کے موقع پرکیے گئے۔
نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کی موجودگی میں یف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق خان جدون اور آئی بی آئی کی ڈائریکٹر اور سینئر نائب صدر لیو جنزہائی نیمفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کی شرائط کے تحت آئی بی آئی گروپ اور ایف پی سی سی آئی دس کلیدی صنعتی شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دیں گے جن میں قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، آٹو موٹیو، ٹیکسٹائل اور انجینئرنگ شامل ہیں۔ اس تعاون کا بنیادی مقصد بی ٹو بی میٹنگز اور صنعتی اشتراک کے ذریعے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے انچارج کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین میاں زاہد حسین، راولپنڈی چیمبر کے صدر شوکت عثمان، گروپ لیڈر سہیل الطاف، اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر ثمینہ فاضل، مرکزی انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے صدر سردار ثاقب نسیم، دوست علی جان، آصف جاوید اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
