تہران (آئی پی ایس )ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہر ممکن صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ایران کے خلاف دشمنی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ دنیا کو بربریت، تسلط اور جارحیت کے خلاف ایران کے حق میں آواز بلند کرنا ہوگی، ورنہ طاقتور ممالک دنیا کو لاقانونیت اور محکومی کی طرف دھکیل دیں گے۔
اسماعیل بقائی نے امریکا اور اسرائیل پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری کو ایران پر مسلط کی گئی جنگ صرف زمین یا وسائل کیلئے نہیں بلکہ یہ اس بات کا تعین کرنے کی کوشش ہے کہ مستقبل میں اچھائی اور برائی کے معیارات کیا ہوں گے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ایران پر حملہ کرنے والے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر فخر کرتے ہیں اور پرامن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق حملہ آور طاقتیں شہری مقامات، حتی کہ خواتین کے اسپورٹس ہالز پر بھی میزائل حملے کرکے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ دوسری جانب ایرانی عوام اور افواج ہر ممکن حد تک بے گناہ جانوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال جھوٹ پھیلانے والوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنے والوں کے درمیان جنگ ہے، اور ایسے وقت میں خاموش رہنا بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جلد بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ایران کی جانب سے یہ سخت بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان سفارتی و عسکری تنا عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
