اسلام آباد (سب نیوز)انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)کے چائنا-پاکستان اسٹڈی سینٹر (سی پی ایس سی)نے “پیوٹ میگزین” کا خصوصی پلاٹینم جوبلی ایڈیشن “پاکستان-چین آل ویدر پارٹنرشپ ان پیس اینڈ پروگریس ایٹ پلاٹینم جوبلی” کے عنوان سے جاری کیا۔ یہ ایڈیشن پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں شائع کیا گیا ہے۔تقریب کی کلیدی مقررہ پاکستان کی چین میں سابق سفیر سفیر نغمانہ ہاشمی تھیں جبکہ مہمانِ اعزاز جناب شو ہینگ تیان، منسٹر کونسلر، عوامی جمہوریہ چین کا سفارتخانہ تھے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان، ڈائریکٹر، پاکستان انسٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز، یونیورسٹی آف سرگودھا؛ ڈاکٹر صدف جبار، فیکلٹی ممبر، شعبہ چینی زبان و ادب، نمل اسلام آباد؛ اور پروفیسر ہوانگ یون سونگ، ایسوسی ایٹ ڈین، سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز اور ڈپٹی ڈائریکٹر، انسٹیوٹ آف ساتھ ایشین سٹڈیز، سیچوان یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔
سفیر خالد محمود، چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی ؛ سفیر معین الحق، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی؛ اور ڈاکٹر طلعت شبیر، ڈائریکٹر چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں سفیر معین الحق نے پاکستان-چین تعلقات کی نمایاں خصوصیت یعنی غیر معمولی اعتماد، باہمی احترام اور غیر مشروط حمایت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شراکت داری کے عوامی سطح کے پہلو اور اس کے وسیع دائرے پر روشنی ڈالی جس میں دفاع، تجارت و سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، گرین ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، کلین انرجی، سول نیوکلیئر انرجی، خلا، صحت، تعلیم، ثقافت اور میڈیا شامل ہیں۔ انہوں نے چین کے ترقیاتی تجربے پر بھی زور دیا، بالخصوص طویل المدتی منصوبہ بندی، جدت، تحقیق و ترقی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر۔سفیر نغمانہ ہاشمی نے “پیوٹ” کے اس خصوصی ایڈیشن کو پاکستان-چین تعلقات کی ارتقا اور مستقبل کی سمت کو دستاویز کرنے والی جامع اشاعت قرار دیا۔ انہوں نے تعلقات کو مسلسل پروان چڑھانے اور اسے خود پسندی اور غلط معلومات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسٹریٹیجک کمیونیکیشن، پبلک ڈپلومیسی، بہتر حکمرانی اور چین کے ترقیاتی تجربے سے سیکھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے ثقافتی سفارتکاری اور عوامی سطح پر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور دستاویزی فلموں، فلموں، ثقافتی مراکز اور تبادلہ پروگراموں کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی شمولیت، ڈیجیٹل اقدامات اور مشترکہ تحقیق کی اہمیت کو بھی نمایاں کیا۔
ڈاکٹر صدف جبار نے زبان، تعلیم اور ثقافتی فہم کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے تھنک ٹینکس کے درمیان شراکت داری، چائنیز سٹڈیز کو مزید گہرا کرنے، مشترکہ ترجمہ منصوبوں، طلبہ کے تبادلوں اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔پروفیسر ہوانگ یون سونگ نے “پیوٹ” کو پاکستان-چین تعلقات پر پالیسی پر مبنی علمی تحقیق میں ایک اہم کاوش قرار دیا۔ انہوں نے سی-پیک 2.0 کی جانب منتقلی پر زور دیا جس میں گرین ماڈرنائزیشن، اعلی قدر کی صنعتی انضمام، تکنیکی جدت اور پیداواریت پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے صنعتی ترقی، زراعت، موسمیاتی موافقت، کلین انرجی، آبی وسائل اور علاقائی رابطوں میں مضبوط تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیق اور تعاون کا بھی مطالبہ کیا۔چینی سفارتخانے کے منسٹر کونسلر جناب شو ہینگ تیان نے آئی ایس ایس آئی کو اجرا پر مبارکباد دی اور “پیوٹ” کو پاکستان-چین کی منفرد دوستی کے فہم کو مضبوط بنانے میں ایک مشترکہ کاوش قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں چینی صنعتی تعاون میں اضافے کو اجاگر کیا جس میں مقامی پیداوار، روزگار کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہے۔ انہوں نے صنعتکاری، ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے عوامی سطح اور تعلیمی تبادلوں، نوجوانوں کی ترقی، غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور خلا سمیت دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ڈاکٹر طلعت شبیر نے اپنے ابتدائی کلمات میں پاکستان-چین تعلقات کی غیر معمولی قریبی شراکت داری میں تبدیلی کو اجاگر کیا جس میں سیاسی، سفارتی، اقتصادی، ترقیاتی، ثقافتی اور عوامی سطح کا تعاون شامل ہے۔اختتامی کلمات میں سفیر خالد محمود نے پاکستان-چین دوستی کی پائیدار نوعیت کا اعادہ کیا اور گزشتہ 75 سالوں میں قائم ہونے والی مضبوط بنیادوں پر استوار ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اقتصادی، فکری، ثقافتی اور عوامی سطح کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے لیے نئے عزم کے ساتھ مستقبل کی جانب دیکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
