اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ نے وکلا ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر درخواست گزاروں کے وکیل سے مقدمات میں اب تک ہونے والی پیشرفت کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل فیصل صدیقی سے مقدمے کی موجودہ صورتحال اور اب تک ہونے والی عدالتی کارروائی سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم دیا۔وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وہ سب سے پہلے عدالتی حکم نامہ پڑھیں گے، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کے بعد مقدمے میں کیا پیشرفت ہوئی؟ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس میں کوئی مزید کارروائی نہیں کی۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ اگر ہائیکورٹ کیس میں پیشرفت نہیں کرتی تو سپریم کورٹ کے پاس کیا اختیار ہے؟ کیا سپریم کورٹ صرف انتظار کرتی رہے؟ عدالت نے کہا کہ اگر وکیل کی تیاری مکمل نہیں تو وہ مزید مہلت لے سکتے ہیں۔دورانِ سماعت فیصل صدیقی نے سپریم کورٹ کے 2 فیصلوں کے حوالے پیش کیے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عدالت کے اختیارات واضح ہونے چاہئیں تاکہ آئندہ کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ میں یہ کیس اب عدالتی تعطیلات کے بعد مقرر ہوگا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔
ایمان مزاری اور ہادی چھٹہ کی سزا معطلی درخواستیں، سپریم کورٹ نے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
