Wednesday, May 13, 2026
ہومپاکستانچھوٹے، درمیانے درجے کی صنعت برآمدات بڑھانے کی استعداد رکھتی ہے، وزیراعظم

چھوٹے، درمیانے درجے کی صنعت برآمدات بڑھانے کی استعداد رکھتی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں میں ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد ہے، کمرشل بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ سمیڈا کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے،خوش آئند ہے کہ ہارون اختر اور ان کی سمیڈا کی ٹیم چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی، ڈیجیٹل فنانسنگ، رسمی معیشت میں شمولیت اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا اور وزارت صنعت کی جانب سے تیار کردہ روڈ میپ اطمینان بخش ہے، معینہ مدت میں قابل حصول اہداف کے ساتھ اطلاق کا لائحہ عمل پیش کیا جائے،کمرشل بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں،زراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا درجہ دیا جائے،چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں میں خواتین کی شمولیت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات خوش آئند ہیں، خواتین کی آسان قرضوں تک رسائی اور مصنوعات کی برآمدات میں معاون کیلئے اقدامات کو مزید مثر کیا جائے۔اجلاس کو سمیڈا، وزارتِ صنعت و پیداوار اور سٹیٹ بینک کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سمیڈا کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کیلئے 8 تزویراتی شعبوں میں 48 اقدامات کا نفاذ کیا جا رہا ہے جو آئندہ دو سال اور چار سالوں میں مرحلہ وار ترقی کے اہداف کا حصول یقینی بنائیں گے۔اجلاس کو رواں برس کے اہداف اور ان پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی۔

رواں برس روڈ شوز اور نمائشوں کے ذریعے مقامی و برآمدی منڈیوں تک رسائی، بینکوں کی جانب سے آسان شرائط و کم لاگت قرضوں کی فراہمی سے سرمایہ کاری میں اضافے، وینڈر پروفائلنگ سے ویلیو چینز کی مضبوطی، ایس ایم ای ڈیٹا بیس کے قیام سے رسمی معیشت میں شمولیت کے اقدامات اور اعداو شمار پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو سمیڈا بورڈ کے اقدامات اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے تربیتی پروگرامز کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو وزیراعظم کی جانب سے ایس ایم ایز کی ترقی کے تفویض کردہ اہداف اور ان پر عملدرآمد پر بھی بریفنگ دی گئی۔گورنر سٹیٹ بینک کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں نجی شعبے کو فراہم کردہ قرض 1.1 ٹریلین روپے تھا جبکہ رواں برس تین سہ ماہیوں میں ہی قرض 904 ارب روپے کے ہدف کو عبور کر چکا جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے قرضوں میں 28 فیصد اضافہ شامل ہے۔ اس بنیاد پر مالی سال 2028 تک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو 1100 ارب روپے سے بڑھا کر 1500 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کمرشل بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کیلئے سٹیٹ بینک مزید اقدامات کر رہا ہے۔چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی برآمدی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی قرض کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایس ایم ایز کو ایکسپورٹ فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کیلئے علیحدہ ونڈو کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں ان اقدامات کے بعد 41 نئی ایس ایم ایز نے ان اقدامات سے مستفید ہونے کیلئے شمولیت اختیار کی۔وزیراعظم نے معاون خصوصی ہارون اختر، سمیڈا کی ٹیم اور وزارت صنعت کے اقدامات کی تعریف کی اور انہیں ان اقدامات کے نفاذ و اہداف کے حصول کا جامع روڈ میپ تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مسعود مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، محسن شاہنواز رانجھا، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، سی ای او سمیڈا نادیہ ستی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔