Saturday, April 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزسرفراز احمد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا بھی اعلان

سرفراز احمد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا بھی اعلان

لاہور(آئی پی ایس )سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔اسکواڈ میں 4 نئے کھلاڑیوں عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس اور غازی غوری کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔ غازی غوری اس سے قبل گزشتہ ماہ میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔

شان مسعود بدستور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ نئے کوچنگ اسٹاف میں اسد شفیق کو بیٹنگ کوچ اور عمر گل کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔سرفراز احمد نے گزشتہ ماہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ 2017 میں پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان رہے، جبکہ رواں سال انگلینڈ لائنز کے خلاف دورے میں پاکستان شاہینز کے مینٹور بھی رہے۔

لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اذان اویس، امام الحق، غازی غوری، نعمان علی اور ساجد خان ریڈ بال کنڈیشننگ کیمپ میں شریک ہیں۔ دیگر کھلاڑی، سوائے ان کے جو پاکستان سپر لیگ 2026 میں مصروف ہیں، 27 اپریل سے یکم مئی تک کراچی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔

قومی ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی، جبکہ جو کھلاڑی پی ایس ایل فائنل میں شریک ہوں گے وہ میچ کے فورا بعد روانہ ہوں گے۔ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 8 سے 12 مئی تک ڈھاکا میں جبکہ دوسرا میچ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔