Saturday, April 18, 2026
ہومتازہ ترینروڈ ٹو مکہ: لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ

روڈ ٹو مکہ: لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ

اسلا آباد(آئی پی ایس) روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
سعودی ایئرلائن کی پرواز صبح ساڑھے 10 بجے لاہور سے روانہ ہوئی، اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور دیگر مقررین نے بہترین سہولیات کی فراہمی اور تعاون پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر لاہور سے روانہ ہونے والے پاکستانی عازمین حج نے حکومت پاکستان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔

وزارتِ مذہبی اُمور کے مطابق پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا، آج کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہو رہی ہیں۔

اِسی طرح پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا، سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

سرکاری سکیم کے تحت 51ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی، حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا جب کہ جدہ کے لئے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو چلے گی ، پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا، حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔

مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازی چلائی جائیں گی ، پی آئی اے، ائیر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد سے129، کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی۔

وزارتِ مذہبی اُمور کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے جائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔