اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک جوہری طاقت کے طور پر خود کو کامیابی سے منوایا ہے اور اب ایک خود انحصار معیشت کے حوالے سے منوانا ہے۔ پیر کو چیمبر ہا ئو س میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط دفاعی ڈھانچہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ تاہم طویل مدتی خودمختاری اور خوشحالی کے لیے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی بھی لازم ہے ۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ و موجودہ ٹیکس دہندگان پر بار بار ٹیکس لگانے سے آگے بڑھے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھاے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا انصاف پسندی کو یقینی بنانے، محصولات کی وصولی کو بڑھانے اور معاشی اعتماد کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔ ترقی کے کلیدی محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے برآمدات کے فروغ کو ترجیح دینی چاہیے اور ساتھ ہی ساتھ ملکی پیداواری صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر درآمدات پر انحصار کم کرنا چاہیے۔
سردار طاہر محمود نے شفاف اور ذمہ دارانہ مالیاتی انتظام کی وکالت کرتے ہوئے حکومتی اخراجات کو معقول بنانے پر بھی توجہ مرکوز کرائی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک جامع اور سرمایہ کار دوست فریم ورک متعارف کرائے، خاص طور پر رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کو راغب کرنے کے لیے۔ انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات میں سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی سرگرمیوں کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرے گا، روزگار پیدا کرے گا اور اس سے وابستہ صنعتوں کی ایک وسیع رینج کو متحرک کرے گا، اس طرح پائیدار اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرے گا۔

