ہومتازہ تریناسلام آباد کا کشمیر چوک انڈر پاس 27روز میں مکمل، کل سے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا

اسلام آباد کا کشمیر چوک انڈر پاس 27روز میں مکمل، کل سے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کشمیر چوک انڈر پاس کا منصوبہ ریکارڈ 27روز میں مکمل کرلیا گیا ہے، جسے جمعرات 5 نومبر سے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائیگا، منصوبے کے اطراف خوبصورتی اور شجرکاری کے لیے 6 ہزار نئے درخت اور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں منصوبے کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انڈر پاس جمعرات کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا،انہوں نے منصوبے کے اطراف 6 ہزار نئے درخت اور پودے لگانے کا بھی ذکر کیا۔کشمیر چوک انڈر پاس مری روڈ پر اسلام آباد کلب کے قریب تعمیر کیا گیا ہے،یہ چوک ڈھوکری چوک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جہاں روزانہ تقریبا ایک لاکھ 7ہزار گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث مصروف اوقات میں ٹریفک جام اور تاخیر کا سامنا رہتا تھا۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق منصوبے پر 1ارب 40کروڑ روپے لاگت آئی ہے، جبکہ ابتدائی تخمینہ 1ارب 60کروڑ روپے تھا۔ منصوبے میں انڈر پاس کے علاوہ ٹریفک کی تقسیم اور آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے 4نئی سلپ روڈز بھی شامل ہیں۔منصوبے کے تحت سیرینا ہوٹل کی جانب سے آنے والی ٹریفک انڈر پاس کے ذریعے فیض آباد کی سمت جاسکے گی، جبکہ فیض آباد سے آنے والی گاڑیاں انڈر پاس کی بالائی سڑک استعمال کرتے ہوئے مری کی جانب روانہ ہوں گی۔ اس منصوبے کا مقصد کشمیر چوک پر ٹریفک کا دباو کم کرنا اور اسلام آباد و راولپنڈی کے درمیان آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے متعدد بار منصوبے کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔ سی ڈی اے کے مطابق منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم اسے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرلیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔