اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ سے لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے 12 پاکستانی شہریوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کیا گیا، جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں ڈی پورٹ ہونے والے شہری محمد عدنان حیدر، محمد جمال، نبیل احمد، ثاقب شبیر، محمد فیضان، سجاد محمود، محمد اخلاق، محمد انیس، روحیل تعمیر، رحمان خالد، ثاقب علی اور عارف حسین نامزد ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ شہریوں کو مبینہ طور پر مختلف ایجنٹوں نے بیرونِ ملک ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر وزٹ/عمرہ ویزوں پر پاکستان سے دبئی اور مصر کے راستے لیبیا بھجوایا، جہاں سے انہیں کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
مقدمے میں مختلف ایجنٹوں پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے اور انہیں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
مقدمے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا، جبکہ کیسز کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
