ہومتازہ ترینمتبادل توانائی کے شعبے کی ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانا ضروری ہے، صدر آئی سی سی آئی

متبادل توانائی کے شعبے کی ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانا ضروری ہے، صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ قابلِ تجدید توانائی پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے، صنعتی پیداواری لاگت کم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے شمسی توانائی، ہوا سے بجلی پیدا کرنے اور توانائی کے دیگر متبادل ذرائع پر انحصار بڑھانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان آلٹرنیٹو انرجی ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف جاوید، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، رینیوایبل انرجی ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین طیب نیاز اور ان کی ایگزیکٹو کمیٹی، جبکہ پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین چوہدری عزیر اور ان کی ایگزیکٹو کمیٹی پر مشتمل مشترکہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے آئی سی سی آئی کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد دینے کے لیے چیمبر کا دورہ کیا۔ ملاقات میں متبادل توانائی کے شعبے کے فروغ اور درپیش اہم چیلنجز کے حل کے لیے پی اے ای اے اور آئی سی سی آئی کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی کاروباری اداروں اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے، پالیسی ماحول کو بہتر بنانے اور جدید صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز کے استعمال کی حوصلہ افزائی میں مدد ملے گی۔
وفد کے شرکا نے متبادل توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پی اے ای اے اور آئی سی سی آئی کے درمیان مضبوط شراکت داری سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی متبادل توانائی کی صنعت تیزی سے ترقی کرے گی۔ملاقات میں مشترکہ طور پر آگاہی پروگرامز، تربیتی نشستوں، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ تعاون کے تحت صنعتی شعبے میں قابلِ تجدید توانائی کے حل کو فروغ دینے، مقامی سطح پر بیٹریوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی تجویز زیر غور آئی۔
صدر آئی سی سی آئی محمد ذکریا اکبر ضیا نے متبادل توانائی کے شعبے کے فروغ کے لیے وفد کو چیمبر کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ آئی سی سی آئی متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر صنعتی روابط مضبوط بنانے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اسرار مشوانی اور عباس ہاشمی، جبکہ سینئر ممبران خالد چوہدری، وسیم چوہدری، میمون شفقات، نعمان بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔