راولپنڈی(سب نیوز)راولپنڈی میں نان کسٹم سگریٹوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایف بی آر ٹیم پر جان لیوا حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ ایف بی آر کے ملازم عمران کے سر پر آہنی راڈ لگنے سے گہرے زخم آئے۔
حکام کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب ٹیم سرکاری گاڑی میں ضبط شدہ 20 کارٹن نان کسٹم سگریٹ لوڈ کر رہی تھی۔ اس دوران 35 کے قریب مسلح افراد نے، جو بظاہر پٹھان تھے، حملہ کر دیا۔ انہوں نے سرکاری گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور زبردستی سگریٹ نکال لیے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ گنجمنڈی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی شجاعت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں اقدامِ قتل، کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں زر گل، خالد شاہ، حنان خان اور دیگر افراد کو نامزد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے ہجوم کو حملے پر اُکسایا اور سرکاری اہلکاروں پر تشدد کیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
