Wednesday, June 3, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینناروے کی پارلیمنٹ میں پاکستان فرینڈشپ گروپ کا تاریخی قیام

ناروے کی پارلیمنٹ میں پاکستان فرینڈشپ گروپ کا تاریخی قیام

اوسلو (سب نیوز) ناروے کی پارلیمنٹ میں پہلی بار باضابطہ طور پر پاکستان فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی ) قائم کر دیا گیا ہے، جو پاکستان اور ناروے کے درمیان پارلیمانی تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس کثیر الجماعتی گروپ کے بانی اراکین میں لیبر پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ فاروق قریشی، ٹرائنے لیزے سندنیس، کامزی گوناراتنم، فروڈے یاکوبسن، ایرک ہیگر اور کرسٹین لوفشوس سولی، جبکہ پروگریس پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ ہمانشو گلاتی شامل ہیں۔

گروپ کے اراکین نے 2 جون کو پارلیمنٹ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں رکنِ پارلیمنٹ فاروق قریشی کو چیئرمین اور رکنِ پارلیمنٹ ٹرائنے لیزے سندنیس کو نائب چیئرمین منتخب کیا گیا۔

پاکستان فرینڈشپ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ یہ اہم اقدام سفارت خانے کی اس دیرینہ تجویز کی تکمیل ہے جس کا مقصد پاکستان اور ناروے کی پارلیمانوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون کو فروغ دینا تھا۔

انہوں نے چیئرمین فاروق قریشی اور نائب چیئرمین ٹرائنے لیزے سندنیس کی کوششوں کو بھی سراہا، جنہوں نے گروپ کے قیام کے لیے پارلیمانی حمایت حاصل کرنے میں فعال کردار ادا کیا۔

پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پہلے ہی پاکستان۔ناروے فرینڈشپ گروپس موجود ہیں۔

پاکستانی سفارت خانہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ ناروے کی پارلیمنٹ میں نو قائم شدہ پاکستان فرینڈشپ گروپ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔