اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مئی کا مہینہ پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، جب وطن عزیز نے ناقابل تسخیر دفاع کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی قومی غیرت، خودمختاری اور دفاع کی علامت ہے، اور اس دن کیے گئے ایٹمی دھماکے نہ صرف پاکستان کی تکنیکی مہارت بلکہ قومی اتحاد کا بھی مظہر ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی امن پر مبنی ہے، لیکن اگر دشمن نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو اور میاں محمد نواز شریف کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان اور دیگر سائنسدانوں کی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ میاں نواز شریف کا تاریخ ساز اقدام تھا، جو پاکستان کی خود انحصاری اور دفاعی خودکفالت کی بنیاد بن گیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے قومی عزم، اتحاد اور قربانیوں کی عکاس ہے۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بری، بحری و فضائی افواج نے ہمیشہ جرات مندانہ دفاع کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء اور دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ پاکستان نہ صرف عسکری لحاظ سے بلکہ قومی اتحاد کے ذریعے بھی ناقابل شکست ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اداروں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے، جو قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گی۔یومِ تکبیر کو قومی ایثار، سلامتی اور عزمِ نو کی یاد دہانی قرار دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، باوقار اور ناقابل تسخیر ریاست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کے ساتھ 10 مئی کے اضافے نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو نئی روح بخشی ہے۔آخر میں انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یومِ تکبیر کے پیغام کو زندہ رکھا جائے گا اور پاکستان کو مزید محفوظ و خودمختار بنایا جائے گا۔