ہانگژو(آئی پی ایس )چین کے سرکاری دورے پر موجود وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہانگژو میں مختلف اہم چینی کمپنیوں کے اعلی عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن کا مقصد پاک چین کارپوریٹ روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایگنس سیو سے ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون پر گفتگو کی۔
شہباز شریف نے پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے یہاں صاف توانائی کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ اور اس کی بڑھتی ہوئی طلب کی طرف خصوصی توجہ مبذول کروائی۔جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام پر تعاون کے لیے وزیراعظم نے سی اے ٹی ایل کے ایگزیکٹو صدر مسٹر آسکر لو سے ملاقات کی تاکہ پاکستان کی صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسٹارچارج گروپ کی چیئرپرسن ڈین وے شا سے ملاقات کر کے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر اور اسمارٹ موبیلیٹی سسٹمز کے شعبے میں شراکت داری پر تفصیلی تبادل خیال کیا۔
پاکستان کی دواسازی اور طبی صنعت کو مزید بہتر بنانے کے لیے شیوژینگ فارماسیوٹیکلز کے صدر مسٹر ژن یوان نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع زیرِ بحث آئے۔ان تمام ملاقاتوں کے دوران ملک میں نئی پیداواری فیکٹریوں کے قیام اور پہلے سے موجود پلانٹس کی توسیع کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کی حکومت پاکستان میں کاروبار میں آسانی کے لیے بہترین پالیسیاں فراہم کر رہی ہے، اور چینی و پاکستانی کمپنیوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون دونوں برادر ممالک کے معاشی تعلقات کو ایک نئی بلندی پر لے جائے گا۔
