Saturday, June 14, 2025
spot_img
ہوماسلام آباداسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی پولیس پر تاجر اغوا اور 80 لاکھ رشوت طلب کرنے کا الزام، احتجاج شدت اختیار کرگیا

اسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی پولیس پر تاجر اغوا اور 80 لاکھ رشوت طلب کرنے کا الزام، احتجاج شدت اختیار کرگیا

اسلام آباد:تھانہ سبزی منڈی پولیس کی جانب سے سبزی منڈی کے تاجروں کو مبینہ حبس بے جا میں رکھنے اور 80 لاکھ روپے رہائی کے عوض رشوت طلب کرنے کیخلاف سبزی منڈی و غلہ منڈی کے تاجروں کا پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج، تاجروں کی اسلام آباد پولیس کیخلاف شدید نعرہ بازی، تھانہ سبزی منڈی پولیس پر بااثر افراد کی معاونت اور تاجروں کو غیر قانونی حبس بے جا میں رکھنے کا الزام،صدر سبزی منڈی وغلہ منڈی اشفاق عباسی کا پولیس کو فوری تاجروں کو رہا کرنے کا مطالبہ ، پولیس نے تاجروں کو حبس بے جا سے رہا نہ کیا تو آج پورے اسلام آباد میں احتجاج کرینگے۔

اشفاق عباسی نے الزام لگایا کہ دو فریقین کے درمیان لین دین کا معاملہ میری موجودگی میں طے پایا جبکہ تھانہ سبزی منڈی پولیس کو حصہ نہ ملا تو سب انسپکٹر شاہد وڑائچ نے بدھ کی رات 8 بجے ہمارے تاجروں کاشف عباسی اور معاویہ عباسی کو اٹھا کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ مقدمہ درج کیا اور نہ ہی مغوی تاجروں کو رہا کیا۔

اشفاق عباسی نے الزام لگایا کہ پولیس 80 لاکھ روپے رشوت کے عوض تاجروں کو رہا کرنے کی آفر کر رہی ہے گزشتہ روز سبزی منڈی و غلہ منڈی کے تاجروں کی بڑی تعداد نے تھانہ سبزی منڈی کے سامنے احتجاج کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔