اسلام آباد(آئی پی ایس ) میڈیا برادری کی معاونت اور عوامی صحت کی رسائی کو بہتر بنانے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال، جو جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کا ایک ذیلی ادارہ ہے، اور اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آئی یو جے)کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد معیاری طبی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانا اور مشترکہ طور پر عوامی صحت سے متعلق آگاہی مہمات کو فروغ دینا ہے۔اس معاہدے کے تحت آئی یو جے کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو آوٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی)، ان پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (آئی پی ڈی)، سرجری کی خدمات، لیبارٹری ٹیسٹ، ریڈیالوجی اور ایمرجنسی سمیت تمام طبی سہولیات رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔
یہ اقدام اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ صحافیوں کو بروقت اور باوقار طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جو عوام اور اداروں کے درمیان ایک اہم رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر ڈاکٹراریج نیازی، ڈائریکٹر ہسپتال، اور فیا ض تنولی، صدر آئی یو جے نے دستخط کیے۔ ہسپتال کی جانب سے ہیڈ آف کمیونیکیشنز عمران علی غوری نے فوکل پرسن کے طور پر دستخط کیے، جبکہ آئی یو جے کی نمائندگی جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلمی ملک نے کی۔ آئی یو جے کی سینئر قیادت میں رشید عباسی اور نائب صدر فائزہ یونس بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ڈاکٹر آریج نیازی نے کہا کہ یہ اقدام ہسپتال کے اس بنیادی وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد ہمدردانہ طبی سہولیات کو ادارہ جاتی حدود سے آگے لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک صرف طبی سہولیات تک محدود نہیں بلکہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد ہے جو روزانہ معاشرے کو آگاہ کرتے اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔فیاض تنولی نے اس مفاہمتی یادداشت کو صحافی برادری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابلِ اعتماد صحت سہولیات تک رسائی میڈیا پروفیشنلز کی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، یہ شراکت داری اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہمارے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو بروقت اور باوقار انداز میں معیاری طبی سہولیات حاصل ہوں۔”عمران غوری نے اس معاہدے کے وسیع تر وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک عوامی صحت سے متعلق رابطہ کاری کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت کے ذریعے ہم نہ صرف علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں بلکہ بیماریوں سے بچا اور صحت سے متعلق آگاہی کو میڈیا کے ذریعے مزید مثر بنا رہے ہیں۔ تقریب کے بعد مہمان وفد کو ہسپتال ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ملک رفیق کی جانب سے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ وفد نے ہسپتال کے جدید انفراسٹرکچر، طبی معیار اور مریض دوست ماحول کو سراہا اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی معیاری طبی سہولیات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ دونوں اداروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری صحت کے شعبے اور میڈیا کے درمیان مثر تعاون کی ایک مثال بنے گی، جس کا مقصد صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی، آگاہی میں اضافہ اور مجموعی طور پر معاشرتی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔
