Saturday, May 23, 2026
ہومتازہ ترینعیدالاضحی کی تیاریوں کے حوالے سے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس، 3 سالہ کارکردگی کا بھی جائزہ

عیدالاضحی کی تیاریوں کے حوالے سے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس، 3 سالہ کارکردگی کا بھی جائزہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )عید الاضحی کی تیاریوں حوالے سے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کی۔اجلاس میں عید الاضحی کے حوالے سے فوڈ اتھارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اور 3 سالہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر فوڈ اتھارٹی کی انسپکشنز، مقدمات کے اندراج اور کاروباری رجسٹریشن کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 3 سال میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے 47 ہزار 252 انسپکشنز کیں۔ فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی جانب سے 25 ہزار سے زیادہ امپرومنٹ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔حکام کے مطابق غیر معیاری خوراک کی تیاری اور سپلائی پر 1200 سے زائد یونٹس سیل کیے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2700 سے زیادہ دکانوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا، فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی جانب سے 200 سے زیادہ خفیہ اطلاعات پر بڑی کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔حکام کے مطابق محفوظ خوراک کے حوالے سے فوڈ اتھارٹی نے 63 سیمینارز بھی منعقد کروائے، جبکہ 1200 سے زیادہ شہریوں کی شکایات پر فی الفور ایکشن لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے 10 ہزار سے زیادہ کاروباری یونٹس کو لائسنس جاری کیے گئے۔ جبکہ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث 56 کاروباری مراکز کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے انسپکشنز کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔