اسلام آباد ،ادارہ تحفظ ماحولیات کی انسپکشن ٹیم کے بنیادی صحت مرکز سوہان میں چھاپے کے دوران بی ایچ یو انتظامیہ کا ای پی اے ٹیم پر حملہ ، اسپتال ویسٹ مینجمنٹ رولز کی خلاف ورزی کے حوالے سے حاصل کیا گیا ریکارڈ چھین لیا گیا ، بنیادی صحت مرکز کے انچارج محمد عمران کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے خالد محمود کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ، ادارہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے قریبی تھانے میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دے دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ تحفظ ماحولیات خالد محمود کی طرف سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بدھ کو ساڑھے 10بجے ای پی اے کی ٹیم نے قانونی کے مطابق بنیادی صحت مرکز سوہان کی انسپکشن کی جہاں پر ممنوع ویسٹ کو مناسب انداز میں تلف نہیں کیا جا رہا تھا ، ہم نے وہاں موجود انچارج محمد عمران سے بات کی تو انہوں نے تعاون کی بجائے نہایت بدتمیزی اور گالم گلوچ کیا ، موبائل فون چھین کر اس میں لی گئی تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی بھی کوشش کی ، علاوہ ازیں محمد عمران نے پاس پڑا ہوا سلنڈر اٹھا کر میرے سر پر مارنے کی کوشش کی جو میرے سائیڈ پر ہٹ جانے کی وجہ سے زمین پر جا گرا، اس موقع پر ویکسنٹر نے میرے ساتھ گتھم گتھاہو کر زبردستی میرے ہاتھ سے سرکاری ریکارڈ چھین لیا، موبائل اور بٹوا بھی چھین لیا،اس دوران محمد عمران نے اپنے سٹاف کو بلا لیا اور کہا کہ انکو دھکے مار کے نکال دو ، دریں اثنا تین سٹاف نرسز نے گھونسے ، مکوں کی بارش کر دی اور دھکے دے کر باہر نکال دیا اور اندر سے دروازہ بند کر دیا، استدعا ہے کہ ادارہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم کو سرکاری فرائض کی انجام دہی سے روکنے ، مارپیٹ اور جان سے مارنے یا زخمی کرنے کی نیت سے سے حملے اور موبائل و پرس چھیننے کے جرائم پر محمد عمران اور انکے ساتھیوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
بنیادی صحت مرکز سوہان انتظامیہ کا ای پی اے کی انسپکشن ٹیم پر حملہ ،ریکارڈ چھین لیا ، بی ایچ یو انچارج کی ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے خالد محمود کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، مارپیٹ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
