ہومپاکستانکرغزستان کا وژن 2030 عوام کو قومی ترقی کا مرکز بنانے کا جامع منصوبہ ہے، ماہرین کا اتفاق

کرغزستان کا وژن 2030 عوام کو قومی ترقی کا مرکز بنانے کا جامع منصوبہ ہے، ماہرین کا اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز) : ماہرین اور دانشوروں نے کرغزستان کے صدر صدر صادیر ژاپاروف کے وژن 2030 کو عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ترقیاتی حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی ترقی، معاشی تبدیلی اور علاقائی روابط اس منصوبے کے بنیادی ستون ہیں۔

اس امر کا اظہار اسلام آباد میں کرغزستان کے سفارت خانے اور انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز (IPDS) کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ ایک خصوصی ماہرین کی نشست میں کیا گیا۔ نشست کا عنوان ’’صدر جمہوریہ کرغزستان عزت مآب صادیر ژاپاروف کا وژن 2030: معاشی اور سماجی تبدیلی‘‘ تھا، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔

مباحثے میں کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف کی جانب سے 21 اکتوبر 2026 کو پیش کیے گئے قومی ترقیاتی پروگرام 2030 کا جائزہ لیا گیا۔ اس پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے میں ملک کی آئندہ ترجیحات، معاشی اصلاحات اور سماجی ترقی کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا گیا ہے۔

افتتاحی کلمات میں کرغزستان کے سفارت خانے کے ناظم الامور و منسٹر کونسلر ایبیک تیلی بالیف نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک ازبکستان اور تاجکستان کے ساتھ سرحدی تنازعات کا حل کرغزستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دیرینہ روابط رکھتے ہیں۔

ایبیک تیلی بالیف نے صدر صادیر ژاپاروف کی قیادت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران متعارف کرائی گئی وسیع انتظامی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق ان اصلاحات کے نتیجے میں 2021 سے 2024 کے دوران ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تین گنا اضافہ ہوا۔

انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کی بانی و صدر اور مباحثے کی ناظم ڈاکٹر فرحت آصف نے اپنے خطاب میں اس نشست کو کرغزستان کی ترقیاتی ترجیحات اور مستقبل کی حکمت عملی کو سمجھنے کے حوالے سے اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وژن 2030 میں معاشی تبدیلی کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے، جبکہ علاقائی رابطوں کو محض ایک الگ ہدف کے بجائے قومی ترقی کے وسیع تر عمل کا حصہ سمجھا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرحت آصف کے مطابق انسانی ترقی کو ملک کی پیش رفت کا بنیادی ستون تسلیم کیا گیا ہے، جبکہ مالیاتی نظام اس ترقی کے لیے معاون کردار ادا کرے گا۔

تجارت اور مالیاتی تعاون کے حوالے سے کرغزستان ٹریڈ ہاؤس پاکستان کے صدر ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ کرغزستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران چھوٹی صنعتوں کے قیام اور فروغ میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جو ملک کی عوام مرکوز معاشی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔

مسلم یوتھ یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد منیر نے سماجی و اقتصادی ترجیحات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ادارہ جاتی ڈھانچے کی تعمیر کے بعد اب بشکیک کی توجہ انسانی وسائل کی ترقی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے شعبہ صحت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وژن 2030 میں صحت کے شعبے پر اخراجات کو محض سرکاری خرچ نہیں بلکہ انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری تصور کیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور سیاحت کے موضوع پر بیسٹ ٹرانس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر رمیز علی ربانی نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (FTA) طے پانے سے نہ صرف دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے کارگو کی ترسیل کے خواہاں کرغزستانی کمپنیوں کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ اس سے علاقائی تجارت اور رابطوں کو مزید فروغ ملے گا۔

اختتامی کلمات میں ڈاکٹر فرحت آصف نے مباحثے کے شرکا کی مشترکہ رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر صادیر ژاپاروف کے وژن 2030 میں انسان اور انسانی ترقی کو ہر پالیسی اور منصوبے کا مرکز بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام معاشی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات، مالیاتی نظام کی بہتری، صحت، صنعتی ترقی اور علاقائی روابط کو یکجا کرتے ہوئے قومی ترقی کا ایک جامع تصور پیش کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر کرغزستان کے ناظم الامور ایبیک تیلی بالیف نے شریک ماہرین کو یادگاری تحائف پیش کیے۔ ان تحائف میں کرغزستان کی روایتی دستکاری سے تیار کردہ دیواری آرائشی اشیا شامل تھیں، جو ملک کے ثقافتی ورثے اور فنونِ لطیفہ کی عکاسی کرتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔