اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری کا عمل تیز کرنے اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غیر فعال سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع ملیں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مزید تیز کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ قانونی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور ان کے حل کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ نجکاری کے لیے مزید خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی بھی نشاندہی کی جائے۔اجلاس کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)بشمول آئیسکو، لیسکو اور گیپکو سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل پر بریفنگ دی گئی، جبکہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نجکاری کے تمام جاری منصوبے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحاتی پالیسی کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔اصلاحات کے بعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی نوعیت سے تبدیل ہوکر منصوبوں پر عمل درآمد کا ہوجائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اس وقت 1352 ارب روپے کے 15 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں ایم 6، ایم 13، ایم 10، گرو نانک ایکسپریس وے، قصر ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ اور عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
