انقرہ ،ترکی کے جنوبی حصوں میں جنگلاتی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا۔ ترکی کے وزیر جنگلات و زراعت نے بتایا کہ اب بھی انطالیہ اور موگلا میں نو مختلف مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جبکہ دیگر صوبوں میں بھی کئی مقامات پر آتش زدگی کی اطلاعات ہیں۔ موگلا سے اب تک دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائیوں میں سولہ ہوائی جہاز، اکاون ہیلی کاپٹر اور پانچ ہزار سے زائد ریسکیو ورکرز شریک ہیں۔ اب تک آٹھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ ترکی کے جنوبی حصوں میں یہ آگ گزشتہ ہفتے بدھ کو لگی تھی اور ابھی تک اس پر قابو نہیں پایا جا سکا ۔ترک حکام کے مطابق کروشیا، اسپین، فرانس اور رومانیہ کی طرف سے 5 طیاروں کی پیشکش کی گئی۔ رومانیہ اور فرانس کے طیارے موزوں نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آسکے لیکن کروشیا سے ایک اور اسپین سے 2 طیارے ترکی پہنچ گئے ہیں۔محکمہ جنگلات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مصطفی اوزکھایا نے کہا ہے کہ ترکی کی اپنی فضائی طاقت موثرہے لیکن ترکی تعاون کی پیشکش کرنے والوں کی پیشکش کو بھی رد نہیں کرنا چاہتا۔ تعاون کی پیشکش کو مسترد کرنا سفارتی حوالے سے بھی درست نہیں ہے۔
ترکی میں ایک ہفتے سے لگی جنگلاتی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
