اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی ماحول دوست ماس ٹرانسپورٹ سروس سے گزشتہ 3 ماہ کے دوران تقریبا ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد شہریوں نے استفادہ حاصل کیا۔ روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد ٹرانسپورٹ سروس سے مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
مجموعی طور پر اسلام آباد میڑو اور ماحول دوست فیڈر بس سروسز کے تحت 210 بسیں اسلام آباد کے 21 مختلف روٹس پر روزانہ کی بنیاد پر چلائی جاتی ہیں۔ ماحول دوست اور آرام دہ بس سروس میں سفر کرنے کیلئے فی مسافر صرف 50 روپے کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔اس ضمن میں گزشتہ 3 ماہ میں اورنج لائن بس سروس سے 10 لاکھ 68 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ اسی طرح بلیو لائن بس سروس سے 10 لاکھ 71 ہزار سے زائد مسافروں نے سفری سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ جبکہ ای وی فیڈر بسوں کے تحت اسلام آباد کے مختلف روٹس پر 160 بسیں مختلف شاہراہوں پر رواں دواں ہیں۔
گزشتہ 3 ماہ کے دوران 60 لاکھ 91 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا میٹرو اور الیکٹرک بس سروس کی کوریج بہتر بنانے کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر و ڈپو زیرو پوائنٹ اسلام آباد میں مکمل فعال ہے۔ اس نظام کے تحت جدید اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور سی ڈی اے کے نئے الیکٹرک بس ڈپو میں 36 چارجنگ یونٹس بھی مکمل طور پر فعال ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں قابلِ اعتماد، سستی اور قابلِ رسائی پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔
سی ڈی اے کی ماحول دوست ماس ٹرانسپورٹ سروس کے تحت 3ماہ میں ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد شہریوں کا محفوظ اور ماحول دوست سفر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
