ہومپاکستانوزیراعظم کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹیکس بے ضابطگیوں پر بلاامتیاز کارروائی اور ریکوری کی ہدایت

وزیراعظم کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹیکس بے ضابطگیوں پر بلاامتیاز کارروائی اور ریکوری کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاوسز میں اربوں روپے کی ٹیکس بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آیا، اجلاس میں ٹیکس وصولی بہتر بنانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاوسز کے آڈٹ میں 24ارب 40کروڑ روپے کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن کی قانونی طریقہ کار کے تحت ریکوری جاری ہے، وزیراعظم نے ان بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اور واجب الادا رقم کی وصولی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر کام جاری ہے، جس کے ذریعے کارگو کی لوڈنگ سے ڈیلیوری تک تمام مراحل ایک ہی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہوں گے۔ اس نظام سے سیلز ٹیکس میں کمی اور اسمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس کے مثر نفاذ کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی خودکار اسمارٹ اسکیننگ کا نظام نصب کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کسٹم کلیئرنس اور امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز تیز کرنے اور اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال بنانے کی ہدایت کی۔
بریفنگ کے مطابق دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام شروع کردیا ہے، جہاں 856 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انڈس کلکٹریٹ کی 302 کارروائیوں میں ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا ضبط کی گئیں۔سیلز ٹیکس وصولی بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں الگ زونز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس استثنی کی آڑ میں غیر مجاز سرٹیفکیٹس جاری کرنے والے ایف بی آر افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جب کہ کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایف بی آر کا دفتر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل حل ہونے سے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایف بی آر کے مختلف سافٹ ویئرز میں ڈیٹا سیکیورٹی کے اضافی فیچرز شامل کردیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔