اسلام آباد (سب نیوز)آذربائیجان کے صدر کے ماتحت اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے چیئرمین علوی مہدیوف کی قیادت میں چار رکنی وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آذربائیجان کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام میں آذربائیجان کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے آسان خدمت مرکز کو ایک اہم سنگ میل اور عوامی خدمت کی ایک بہترین سہولت قرار دیا، اور کہا کہ یہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ وزیراعظم نے مرکز کے قیام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے میں آذربائیجان کے اہم تعاون کو سراہا۔
انہوں نے حال ہی میں کیے گئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے سفارشات کی روشنی میں عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے اور حکومت کو شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رپورٹ میں نشاندہی کیے گئے ان تمام شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جائے جن میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ وزیراعظم نے آسان خدمت اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کی، جو کہ ملک بھر میں قائم کیے جانے والے تمام آسان خدمت مراکز میں خدمات کی فراہمی کے معیار کو یکساں رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پورے پاکستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آسان خدمت اقدام کا وسیع تر مقصد ایک ایسا معاشرہ، معیشت اور نظامِ حکمرانی تشکیل دینا ہے جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس ہو، اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ دونوں فریقین نے اس اقدام کو مزید مستحکم کرنے اور اس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے، ہم آہنگی اور تعاون کو یقینی بنانے کی خاطر ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز نے جنوری 2026 میں اپنے قیام سے لے کر نومبر 2026تک 244230درخواستوں پر مختلف نوعیت کی شہری خدمات فراہم کی ہیں، جبکہ اس مرکز میں خدمات کے لیے عوامی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملاقات میں وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجانی وفد کی ملاقات، دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
