ہومپاکستانکامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور سرن کے مابین ایلس تجربے میں دوبارہ شمولیت کے حوالے سے اہم پیش رفت

کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور سرن کے مابین ایلس تجربے میں دوبارہ شمولیت کے حوالے سے اہم پیش رفت

اسلام آباد(سب نیوز)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی)اور یورپی ادارہ برائے جوہری تحقیق (سرن)کے مابین یونیورسٹی کی سرن کے سائنسی پروگراموں میں فعال شمولیت کی بحالی کے حوالے سے اعلی سطحی مذاکرات ہوئے۔ ملاقات میں بالخصوص ایلس تجربے، ڈیٹیکٹر ٹیکنالوجی، جدید سائنسی آلات کی تیاری اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے تجزیے سے متعلق تحقیق کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات دونوں اداروں کے دیرینہ سائنسی روابط کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ماضی میں کامسیٹس یونیورسٹی کے محققین اور تکنیکی ماہرین سرن میں تجرباتی تحقیق کے لیے درکار آلات اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

سرن کے وفد میں ایسوسی ایٹ رکن ممالک کے امور کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوف شیفر، سی ایم ایس تجربے کی ترجمان پروفیسر ڈاکٹر انادی کنیپا اور ایلس تجربے کے ترجمان ڈاکٹر کائی اولیور شویڈا شامل تھے۔ وفد نے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر، یونیورسٹی کے اعلی حکام اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی بھی موجود تھے، جنہوں نے کامسیٹس یونیورسٹی میں ایلس تجربے سے متعلق تحقیقی کام کی بنیاد رکھی تھی۔پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے ایلس تجربے سے اپنی سابقہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کامسیٹس یونیورسٹی نے اس تجربے کے اندرونی ٹریکنگ نظام کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کام میں سلیکون پکسل ڈیٹیکٹرز کی ڈیزائننگ، الیکٹرانکس، آلات کی جانچ اور ڈیٹیکٹرز کی اسمبلنگ شامل تھی۔ انہوں نے ان مالی مشکلات اور خصوصی سائنسی آلات کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا جن کے باعث یہ تحقیقی تعاون تسلسل برقرار نہ رکھ سکا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ایلس تجربے میں دوبارہ شمولیت کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے سرن کے ساتھ سائنسی تعاون کی بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی مشکلات کو مستقبل کے سائنسی تعاون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے ایک ایسے قابل عمل لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا جس میں یونیورسٹی کے انتظامی اور مالی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ اور محققین کو سرن کی تحقیقی سرگرمیوں میں دوبارہ حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس موقع پر شعبہ فزکس کی ڈاکٹر عظمی تبسم نے یونیورسٹی کی موجودہ تحقیقی اور تکنیکی استعداد پر بریفنگ دی اور سرن کے مختلف تجرباتی پروگراموں میں یونیورسٹی کے ممکنہ کردار کو اجاگر کیا۔ڈاکٹر کائی اولیور شویڈا نے کامسیٹس یونیورسٹی کی سابقہ تکنیکی خدمات کو سراہتے ہوئے سلیکون ڈیٹیکٹرز کی تیاری، ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی ڈویلپمنٹ، ڈیٹا کے تجزیے اور خصوصی تکنیکی تربیت کے شعبوں میں دوبارہ تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایلس کے مستقبل کے منصوبوں، بالخصوص ایلس تھری میں تحقیق کے نئے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے سرن میں مختلف سائنسی شعبوں کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ذراتی طبیعیات کے ساتھ ساتھ الیکٹریکل انجینئرنگ، مٹیریلز سائنس اور کمپیوٹر سائنس کے ماہرین بھی ان تجربات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ملاقات میں کامسیٹس یونیورسٹی اور سرن کے مابین سائنسی روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ یونیورسٹی کے سابقہ تجربے اور موجودہ تحقیقی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے سائنسی تحقیق، تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ اور پاکستانی محققین و ماہرین کی عالمی سطح کے سائنسی منصوبوں میں شمولیت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔