Saturday, December 7, 2024
ہومپاکستانڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے امریکی صدر کو خط لکھ دیا

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے امریکی صدر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے ڈاکٹرعافیہ کی معافی کیلئے امریکی صدرکو خط لکھ دیا جس میں ان کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ بارکے صدر ریاست علی آزاد نے امریکی صدر جوبائیڈن کو کھلا خط لکھا، جس کی کاپی عافیہ موومنٹ کے رہنماں کو بھی بھیجی گئی ہے۔
خط کے متن مین لکھا گیا ہے کہ ایک وکیل کے طور پر ڈاکٹر عافیہ کیس کا مطالعہ کیا اور حالت زار تشویش ناک ہے، ڈاکٹرعافیہ کیس تاریخ کے افسوسناک سانحات میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے اور اس میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ابتدائی حراست اور مقدمہ کی سماعت تک قواعد و ضوابط اور قانون کو نظر انداز کیاگیا، مقدمے کی سماعت کے دوران بھی تعصب کے خدشات کا متعدد مرتبہ اظہار کیا گیا جبکہ میڈیکل ریکارڈ دوران قید تشویشناک جسمانی وذہنی تشدد کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کارسیول جیل کی بھی اس حوالہ سے ایک پریشان کن تاریخ ہے جو تشویش میں اضافہ کرتی ہے، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت کئی رہنماں نے ڈاکٹر عافیہ کو قوم کی بیٹی کہا، ڈاکٹر عافیہ نے ایسا سلوک اور رویہ برداشت کیا جو امریکی روایات کے برعکس ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ کو خاندان اور بچوں سے ملاقات سے دور رکھاگیا، ایسے اقدامات بنیادی انسانی حقوق اور قیدی کے حقوق کے خلاف ہیں، ریاست امریکا طویل عرصہ سے خواتین اور بچوں پر تشدد کی مخالف کرتارہا اس کے باوجود ڈاکٹر عافیہ سے ایسا سلوک رکھاگیا، یہ تضادات اخلاقی اور قانونی اصولوں سے متعلق دنیا بھرمیں امریکا کی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر نے لکھا کہ امریکا میں انصاف اور خودمختاری کی تشکیل میں وکلا کا کردار قابل ستائش ہے، عظیم امریکی رہنماں میں اکثریت وکیل تھے جنہوں نے آئینی اصولوں اور انصاف کیلئے ایک عظیم قوم تیار کی، آپ سے گزارش ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹرعافیہ کی معافی پر غور کیا جائے۔انہوں نے مزید لکھا کہ عافیہ صدیقی کی معافی اور رہائی جیسے اقدامات سے پاکستان اور امریکا کے عوام میں باہمی اعتماد اور محبت کی فضا قائم ہوگی اور یہ ہمارے قومی روابط کے فروغ،تعلقات کی مضبوطی کے علاوہ امریکہ کے وقار میں بھی اضافہ کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔