Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستاناب ان فسادیوں اور پاکستان کے دشمنوں کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا، وزیر اعظم

اب ان فسادیوں اور پاکستان کے دشمنوں کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا، وزیر اعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہت اچھی حکمت عملی سے دھرنے کا خاتمہ کیا اور عوام کو سکون میسر ہوا، یہ فسادی اور ترقی کے مستقل دشمن ہیں، آج کے بعد ان کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں خاص طور پر اور ملک میں عمومی طور پر معیشت کو جو نقصان پہنچا وہ سامنے ہے۔ یہاں پر کئی روز سے دکانیں بند تھیں، فیکٹریوں والے اور دیہاڑی دار مزدور بھی پریشان تھے ان کی ایک وقت کی روٹی محال ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جڑواں شہر میں بھی زندگی تقریبا معطل ہوچکی تھی، احتجاج کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج نیچے آیا جبکہ چند دن پہلے انڈیکس 99 ہزار 300 تک پہنچا گیا تھا۔فسادیوں اور ترقی و خوشحالی کے مستقل دشمنوں کی وجہ سے یہ گزشتہ روز نیچے گیا اور پھر آج تقریبا 4 ہزار پوائنٹس بڑے ہیں۔ سرمایہ کار ایک آزاد پرندے کی طرح ہوتا ہے اس کو جہاں سکون میسر ہو اور شور شرابہ نہ ہو وہاں پر سرمایہ کاری کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سخت فیصلے کریں کیونکہ وطن کی ترقی، خوشحالی کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔ آج کے بعد ان فسادیوں اور پاکستان کے دشمنوں کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہر روز فسادی اگر یہاں جنگ کا میدان لگائیں گے تو ہم بحالی کی طرف جائیں یا پھر ان پر اپنی توانائیاں سرف کریں، اب قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ احتجاج کی سیاست کو جاری رکھنا ہے یا پھر ملک کی معیشت و بحالی کو دیکھنا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر 9 مئی کے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دی جاتیں تو پھر ہم یہ دن آج نہیں دیکھ رہے ہوتے، اسلام آباد میں مظاہرین نے رینجرز کے جوانوں اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو شہید کیا، فسادیوں کے پاس اسلحہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں جنہوں نے حملے کو ناکام بناکر فسادیوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، پارا چنار، کرم میں حالات کشیدہ ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ وہاں پر لگادیتی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نعمت ہے اور اگر ہم نے اس کی قدر نہیں کی تو یہ شہدائے پاکستان، قائد اعظم کے نظریے سے روح گردانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج غریب کیلئے زندگی تنگ ہوچکی ہے اور وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے قابل نہیں رہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔