Sunday, December 8, 2024
ہومپاکستاناسلام آباد، جعلی رسیدیں جاری کرنے پر پانچ ریسٹورنٹس سیل، 15لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد، جعلی رسیدیں جاری کرنے پر پانچ ریسٹورنٹس سیل، 15لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ذیلی ادارے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر پانچ ر یسٹورنٹس سیل کردیے اور سیل کیے جانیوالے ان پانچ ریسٹورنٹس پر مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پانچ معروف ریسٹورنٹس جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کردیے۔ یہ کارروائی شہریوں وصارفین کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر کی گئی کہ یہ ریسٹورنٹس جعلی رسیدیں جاری کررہے ہیں۔یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ٹیئرونریٹیلرز/ریسٹورنٹس کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)انوائسنگ سسٹم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی کوششوں کے تسلسل میں اٹھایا گیا ہے۔
پہلے سے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت پوائنٹ آف سیل ٹریکنگ سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد آر ٹی او اسلام آباد کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں پانچ ریسٹورنٹس کو سیل کرکے ان پر مجموعی طور پر15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایف بی آر نے25 اکتوبر سے پوائنٹ آف سیل انعامی اسکیم شروع کی ہے، پہلے مرحلے میں یہ اسکیم اسلام آباد میں ٹیئر ون کے ریسٹورنٹس کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جسے بعد میں تما م ٹیئر کے ریٹیلرز اور پھر اس ماہ کے آخر سے پورے ملک تک توسیع دی جائے گی۔
اس اسکیم کے تحت جو شہری/ صارفین ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو مطلع کریں گے انہیں نقد انعامات دیے جائیں گے۔ ایک خاص طریقہ کار کے تحت جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد ایف بی آر جیتنے والے صارفین کے بینک اکانٹس میں نقد انعامات براہ راست منتقل کرے گا۔جن ٹیئر ون ریٹیلرز/ریسٹورنٹس کے خلاف رپورٹ کی جائے گی انہیں جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کر دیا جائے گا، یہ اہم اقدام جعلی رسیدوں کے رجحان کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ واجب الادا ٹیکس قومی خزانہ میں جمع ہو سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔