اسلام آباد،وفاقی کابینہ نے افواج پاکستان کے لئے 15 فیصد اسپیشل الائونس کی منظوری دے دی ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سندھ حکومت کی جانب سے ان پر بنائے گئے کیسز کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی، وزیرِ اعظم نے آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکیورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کر دی ،وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر بریفنگ میں بتایا کہ سول ملازمین کو الائونس ملے، لیکن گزشتہ 2 سال سے فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہوا ، اس لیے فوج کو 15 فیصد اسپیشل الائونس دیا جارہا ہے۔ رینجرز اور ایف سی ملازمین کو بھی وزیراعظم کے حکم پر الانس دیا جائیگا۔
منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی)پر عائد پابندی پر تنظیم کی جانب سے نظر ثانی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس تنظیم پر پابندی میرٹ پر کی گئی، اس تنظیم پر پولیس والوں کو شہید کرنے، علاقائی فورسز پر تشدد کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، الیکشن کمیشن سے اس تنظیم کا انتخابی نشان منسوخ کرنے کی لیے اقدامات وفاقی وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کریں گے، حکومت نے اسلام آباد میں رواں مون سون کے دوران 50کروڑ درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے سینکڑوں پاکستانی قیدی رہا ہوکر پاکستان آئے ہیں، مزدور طبقے کے لیے یہ بہت بڑی خوش خبری ہے، مزید پاکستانی جو سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہیں انہیں بھی پاکستان لانے کی کوشش کی جارہی ہے، عید پر سعودی عرب کی جانب سے 85پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے جن کو وطن واپس لانے کیلئے حکومت پاکستان خصوصی طیارہ بھیجے گا جبکہ اب تک سعودی عرب سینکڑوں قیدیوں کو رہا کر چکا ہے جبکہ دیگر ملکوں میں قیدافراد کے حوالے سے کام تیزی سے کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں 3 اہم جز ہیں جن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین، بائیو میٹرک اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ہے، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے صورتحال مزید بہتر ہو رہی ہے اور اپوزیشن بھی اس معاملے میں آگے آ رہی ہے، حکومت کا مقصد شفاف الیکشن کروانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل کی جانب سے کورونا صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ملک میں 2کروڑ لوگ پاکستان میں ویکسینیشن کرواچکے ہیں، اس وقت کراچی اور خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھے ہیں اور ہمیں اس کے خلاف جنگ جاری رکھنی ہوگی،انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے عید کی 20،21اور 22، تین روز کی چھٹیاں منظور کی ہیں،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سازشی عناصر سے دور رہیں اور ویکسین لگواکر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کی حفاظت کریں،فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ سے زیادہ پروٹوکول سابقہ حکمرانوں اور بیوروکریٹس کے پاس ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی اور اس کے بعد بتدریج ان سے پروٹوکول واپس لیا جائے گا، اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت جاری کردی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران وی وی آئی پی کلبس کے کلچر کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ہمارے وسائل عام آدمی کے لیے ہوں اور انہیں اس سے فائدہ حاصل ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ 2سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تھا، کابینہ نے پاک فوج کے لیے بنیادی تنخواہ پر 15فیصد الائونس کی منظوری دی ہے، کابینہ نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی)کے قیام کی بھی منظوری دی ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقبال اکیڈمی پاکستان کے 5ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے، اس کے علاوہ 49ادویات کی ریٹیل پرائز مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، یہ ادویات پاکستان میں نہیں بن رہی تھیں،انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے سی ای او کے عہدے پر امجد خان کو تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے، نیسپاک کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی کے معاملے پر ریٹائر ایم ڈی کو اپنی خدمات جاری رکھنے کی منظوری دی ہے،افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہاں 30لاکھ افغان مہاجرین پہلے ہی رہائش پذیر ہیں، دنیا کوچاہیے کہ ان کی تعداد کا تخمینہ لگانے کے بجائے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں، کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں ایسے حالات ہوں کہ افغانوں کو وہاں سے ہجرت نہ کرنا پڑے، ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے اپنے سابق تجربات سے سیکھ کر ایک جامع پالیسی بنائیں، چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن آئے اور اس کے لیے عالمی مدد درکار ہے،کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات تحریک انصاف کے لیے بہتر ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری مایوس ہوکر امریکا چلے گئے ہیں، ان کے پاس امیدوار بھی نہیں،ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا کہ وہ انتخابی مہم کی جگہ کشمیر کی سیر کو آئی تھیں، اب یہ دونوں گھر پر بیٹھیں گے اور اپنے والدین کے کمائے ہوئے پیسوں پر عیش کریں گے۔سرکاری و نجی افراد کی سیکیورٹی کے حوالے سے نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی شجر کاری مہم اس سال مون سون میں شروع کر رہے ہیں، جس کے تحت 50کروڑ درخت لگائے جائیں گے، شجرکاری مہم میں تمام ممبران صوبائی و قومی اسمبلی حصہ لیں گے ، کابینہ اجلاس میں اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور گرین ایریاز کو بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
