اسرائیلی پارلیمان نے 8جماعتی اتحادی حکومت کو منظوری دے دی اور اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے 12سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوگیا،نیفتالی بینیٹ نے نئے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کے مابین سخت نظریاتی اختلافات ہیں تاہم وہ نیتن یاہو کو برطرف کرنے کے لیے متفق ہو گئیں۔ 120 رکنی اسرائیلی پارلیمان میں ووٹنگ کے دوران نیفتالی بینیٹ کو 59 کے مقابلے میں 60 ووٹ ملے جب کہ ایک رکن غیر حاضر رہا۔ووٹنگ کے فورا بعد نیفتالی بینیٹ نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لے لیا اور اپنے سابق حلیف کو ہٹا کر اسرائیل کے پہلے آرتھوڈوکس یہودی رہنما بن گئے۔ مخلوط حکومت کے معاہدے کے تحت یامینا پارٹی کے سربراہ نیفتالی بینیٹ، ستمبر 2023 تک وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں گے جبکہ مزید دو سالوں کے لیے اقتدار یش اتید کے رہنما، یائیر لیپد کے حوالے ہو گا۔بینیٹ نے نئی کابینہ کے پہلے اجلاس کا آغاز روایتی یہودی طریقے سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک نئی راہ پر قدم بڑھا رہا ہے۔ اسرائیل کے شہری ہماری طرف دیکھ رہے ہیں اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ہے۔ اس ذمہ داری کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے، یہ بات پیش نظر رکھنی ہوگی کہ ہم سب کو اپنے اپنے نظریاتی امور پر تحمل سے کام لینا ہے۔”متبادل وزیر اعظم یائر لیپد نے اپنی مختصر تقریر میں کہادوستی اور اعتماد” کی بنیاد پر یہ حکومت قائم ہوئی ہے اور ہمیں اسے برقرار رکھنا ہو گا۔ اتحادی حکومت مختلف سیاسی نظریات کی حامل آٹھ جماعتوں پر مشتمل ہے۔ ان میں انتہائی دائیں بازو کی قوم پرست یمینا پارٹی سے لے کر عرب اسلامی قدامت پسند رام پارٹی شامل ہے۔ 120رکنی پارلیمان میں ان جماعتوں کے اراکین کی مجموعی تعداد 61 ہے۔اتحادی حکومت میں مجموعی طور پرتین دائیں بازو کی، دو اعتدال پسند، دو بائیں بازو کی اور ایک عرب جماعت شامل ہے۔ یہ پہلاموقع ہے جب ایک عرب جماعت اسرائیل کی حکمراں اتحاد میں شامل ہوئی ہے۔یمینا پارٹی کے رہنما نیفتالی بینیٹ نے کہا آج ڈھائی برس سے جاری سیاسی بحران کا خاتمہ ہو گیا۔”اسرائیلی پارلیمان میں اسلام پسند رام پارٹی کے سربراہ منصور عباس کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی اپنی اتحادیوں کے خاطر بڑی قربانی دے رہی ہے اور ایک بہتر، نئی، ملک کے تمام شہریوں، یہودیوں اور عربوں، کے لیے اصولوں پر مبنی تعلقات کے خاطر بات چیت کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گی۔”
نیتن یاہو کا12سالہ اقتدار ختم، نیفتالی بینیٹ نئے اسرائیلی وزیر اعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
