اسلام آباد (آئی پی ایس )جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی سے حکومت کا قرض 346ارب روپے کم ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جنوری کے اختتام پر حکومت کا مجموعی قرض 64 ہزار 842 ارب روپے رہا جوگئے برس دسمبر سے 346 ارب روپے کم ہے۔
جنوری میں حکومت کے مقامی قرض میں 38 ارب روپے کا اضافہ ہوا جب کہ بیرونی قرض میں 384ارب روپے کمی ہوئی ہے۔مرکزی بینک کے مطابق دسمبر کے مقابلے جنوری میں ڈالر کی قدر 2روپے 30پیسے کم ہوئی ہے۔ایک سال کے دوران حکومت کا قرض 9ہزار 820ارب روپے بڑھا ہے جس میں 8ہزار 291ارب روپے مقامی اور ایک ہزار 528 ارب روپے بیرونی قرض ہے۔مرکزی بینک کے مطابق ایک سال میں ڈالر 11 روپے 70 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

