ہومپاکستانیوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 23 برس ہوگئے

یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 23 برس ہوگئے

اسلام آباد،ملک بھر میں آج یوم تکبیر منایا جارہا ہے،جب 23برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔23برس قبل، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔ان ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ‘یوم تکبیر’ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ایٹمی دھماکوں کے بعد 1999 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کارگل جنگ بھی ہوئی، جس کی وجہ سے یوم تکبیر بہت زیادہ جوش و خروش سے منایا گیا تھا۔تاہم اکتوبر 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور ملک میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت آگئی تھی، جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و جذبے سے نہیں منایا جا سکا۔دوسری جانب بولٹن آف اٹامک سائنٹسٹ نامی ادارے نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں زیادہ ہے۔پاکستان اور ہندوستان، دونوں نے ہی پہلی مرتبہ 1998 میں 3، 3 ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔2014 ایٹمی مواد کو لاحق خطرات کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کے حوالے سے انڈیکس میں پاکستان کا درجہ بھارت سے بھی بہتر تھا۔اسی برس کے این ٹی آئی انڈیکس میں 9 ایٹمی مسلح قوتوں میں سے زیادہ تر کا درجہ وہی ہے، اس میں صرف ایک پوائنٹ کی کمی بیشی ہوئی جبکہ 2012 کے مقابلے میں پاکستان کے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی کے حوالے سے 3 درجے بہتری آئی، جو کسی بھی ایٹمی ملک کی بہتری میں سب سے زیادہ ہے۔پاکستان کے جوہری پروگرام کے خالق اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کا جوہری پروگرام امریکا اور برطانیہ سے زیادہ محفوظ ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔