ملتان، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ میں جہانگیر ترین کے کردار اور جہاز کے استعمال کے سوال پر پھٹ پڑے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ 17 شوگر ملز کو نوٹس ملے، ان میں سے صرف ایک مل جہانگیر ترین کی ہے، اگر جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں، عمران خان خندہ پیشانی سے جہانگیر ترین کی ہر بات سنیں گے۔وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ میں جہانگیر ترین کیکردار اور جہاز کے استعمال کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ جہانگیر ترین کے جہاز کی لاگ بک نہیں دیکھتے ، یہ سوال انہی سے پوچھیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صرف جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی، سترہ شوگر ملز کے خلاف ایکشن ہو رہا ہے، عدالتیں آزاد ہیں وہاں موقف پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ آزاد ارکان نے شمولیت کے وقت بیان حلفی بھرے، وہ ہمارے پاس موجود ہیں، انہوں نے فارورڈ بلاک بنانے کی تردید کی ہے، اگر یہ ممبران پیپلز پارٹی یا ن لیگ میں جانا چاہتے ہیں تو استعفی دیکر شامل ہوں، عمران خان ایسے حربوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے، مریم نواز پیشی کے وقت بندے لے کر جائیں تو غیر مناسب، اگر یہی کام پی ٹی آئی کرے تو پھر یہ مناسب نہیں ہوسکتا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کسی کیخلاف انتقامی کارروائی کا ارادہ نہیں، وزیراعظم اپنے نظریے پر قائم ہیں، کرپشن کا خاتمہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
