ممبئی (سب نیوز)بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کا ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع مشہور بنگلہ جلسہ خاندانی جائیداد کے تنازعے میں گھر گیا، جہاں اداکار کی بھابھی رامولا بچن نے جیا بچن کے نام 1993 میں کی گئی جائیداد کی منتقلی کو چیلنج کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رامولا بچن نے گزشتہ 7 ماہ کے دوران رجسٹریشن حکام کو متعدد شکایات درج کرائی ہیں۔ ان کا مقف ہے کہ انہیں جائیداد کی منتقلی کے بارے میں علم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے اس کی منظوری دی تھی۔ رپورٹس کے مطابق 1993 میں ایک تحفے کی دستاویز کے ذریعے بنگلے کی ملکیت جیا بچن کو منتقل کی گئی تھی۔ تاہم رامولا بچن کا نام سرکاری پراپرٹی ریکارڈ میں اب بھی موجود ہے، جبکہ کپول ہاسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو بنگلے کی مالک ظاہر کیا گیا ہے۔
رامولا بچن نے اپنی شکایت میں جائیداد کی منتقلی کے لیے تیار کی گئی دستاویزات پر بھی اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ان کے مطابق تحفے کی دستاویز سادہ کاغذ پر تیار کی گئی تھی، جس پر اسٹامپ ڈیوٹی بھی ادا نہیں کی گئی اور نہ ہی اس پر گواہوں کے دستخط موجود تھے۔انہوں نے دستاویز کی بعد ازاں رجسٹریشن اور ابھے یوجنا اسکیم کے تحت اس کی قانونی حیثیت بحال کیے جانے کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔معاملہ اب اندھیری میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر میں زیر سماعت ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سماعت شروع کردی گئی ہے اور متعلقہ فریقین سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
امیتابھ بچن کا بنگلہ جلسہ ممبئی کی معروف شخصیات کی رہائش گاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ بنگلہ پہلے منسا کے نام سے جانا جاتا تھا اور فلم ساز این سی سپی کی ملکیت تھا۔امیتابھ بچن کو 1982 کی فلم ستے پہ ستہ میں اداکاری کے معاوضے کے طور پر یہ بنگلہ ملا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے اسے فروخت کردیا، تاہم جیا بچن کے مشورے پر دوبارہ خرید لیا اور اس کا نام جلسہ رکھ دیا۔یہ بنگلہ کئی دہائیوں سے امیتابھ بچن کے مداحوں کی توجہ کا مرکز بھی ہے، جہاں ہر اتوار کو بڑی تعداد میں مداح اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
امیتابھ بچن کا ممبئی میں واقع بنگلہ جلسہ خاندانی تنازعے کا شکار، بھابھی نے جائیداد منتقلی عدالت میں چیلنج کردی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
