اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پارٹی سربراہ کا عہدہ خالی ظاہر کر دیا ہے، جس کے بعد خالد مقبول صدیقی پارٹی سربراہ کی حیثیت سے فہرست میں شامل نہیں رہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس کی بنیادی وجہ مقررہ مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دیگر پارٹی عہدیداران کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے، جس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کا عہدہ خالی ظاہر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق خالد مقبول صدیقی اب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کے طور پر درج نہیں ہیں۔ای سی پی نے قرار دیاہے کہ الیکشن رولز کے مطابق پارٹی سربراہ کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ مقررہ وقت پر انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے پارٹی آئین میں ہر4 سال بعد انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابندی عائد ہے، تاکہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور قیادت کا انتخاب مقررہ آئینی طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جا سکے۔دستیاب معلومات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان میں آخری انٹرا پارٹی انتخابات 2022 میں منعقد ہوئے تھے۔ پارٹی آئین میں مقررہ4 سالہ مدت کے تحت اگلے انٹرا پارٹی انتخابات اکتوبر2026 میں ہونا ضروری تھے۔تاہم مقررہ مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات منعقد نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے اپنی تازہ فہرست میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا عہدہ خالی ظاہر کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا عہدہ خالی قرار، خالد مقبول صدیقی پارٹی صدر نہیں رہے، الیکشن کمیشن
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
