ہومپاکستانملائیشین ہائی کمشنر کی جانب سے پاک ملائیشیا دوستی اور شراکت داری کے فروغ کیلئے استقبالیہ ہائی ٹی کا اہتمام

ملائیشین ہائی کمشنر کی جانب سے پاک ملائیشیا دوستی اور شراکت داری کے فروغ کیلئے استقبالیہ ہائی ٹی کا اہتمام

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر اور ان کی اہلیہ تو پوان امیلیا امانی لی عبداللہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن میں خصوصی استقبالیہ ہائی ٹی کا اہتمام کیا، جس کا مقصد پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی تعاون اور شراکت داری کو سراہنا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان، پاکستانی حکومتی عہدیداران، کاروباری شخصیات، تھنک ٹینکس کے نمائندوں اور ملائیشیا کے دوستوں نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے استقبالیہ خطاب میں ہائی کمشنر داتو محمد اظہر نے کہا کہ یہ تقریب محض اظہار تشکر نہیں بلکہ امن، ترقی اور خوشحالی پر مبنی بہتر دنیا کی تشکیل کے لیے ملائیشیا کے عزم کی عکاس بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن بقائے باہمی، مکالمے، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے اصول ملائیشیا کی خارجہ پالیسی کا بنیادی حصہ ہیں۔ہائی کمشنر نے حکومت اور عوام پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ملائیشیا کے ہائی کمیشن اور پاکستانی سرزمین پر مقیم ملائیشین کمیونٹی کو بھرپور تعاون، مہمان نوازی اور حمایت فراہم کی ہے۔ انہوں نے بالخصوص وزارت خارجہ، وزارت تجارت، وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہا۔علاقائی روابط کے حوالے سے انہوں نے سندھ میں آسیان ممالک کے سفیروں کے حالیہ دورے کا ذکر کیا، جس کے دوران وفد نے گورنر اور وزیراعلی سندھ سے ملاقاتیں کیں، کراچی کی کاروباری برادری سے تبادلہ خیال کیا اور جامعات کے طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو معاشی خوشحالی، علاقائی سلامتی اور امن سے متعلق مباحث میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے داتو محمد اظہر نے کہا کہ پاکستان اگست 1957 میں ملائیشیا کی آزادی کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل تھا، جبکہ 2019 میں دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دیا گیا، جو دوطرفہ روابط میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے ملائیشیا کی ترقی میں پاکستانیوں کے تاریخی کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اس وقت تقریبا ایک لاکھ پاکستانی ملائیشیا میں مقیم ہیں، جو مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔آسیان اور پاکستان کے درمیان تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ تیمور لیستے کی گیارہویں رکن کی حیثیت سے شمولیت کے بعد آسیان کی مجموعی معیشت کا حجم تقریبا چار ٹریلین امریکی ڈالر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریبا 25 کروڑ آبادی کے حامل پاکستان اور آسیان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے نومبر کے اواخر میں آسیان کے سیکرٹری جنرل کے پاکستان کے متوقع پہلے دورے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا، جس سے دونوں فریقوں کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔سیاحت، تعلیم اور کاروبار کے حوالے سے ملائیشیا کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ وزٹ ملائیشیا مہم کو 2027 تک توسیع دی گئی ہے۔ ملائیشیا نے 2025 میں تقریبا 4 کروڑ 20 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ 2026 کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی سیاحوں کو ملائیشیا کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔تعلیمی تعاون کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تقریبا پانچ ہزار پاکستانی طلبہ ملائیشیا کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید پاکستانی طلبہ کو اعلی تعلیم کے لیے ملائیشیا کا انتخاب کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی مماثلت، مشترکہ اقدار اور دوستانہ ماحول طلبہ کے لیے سازگار مواقع فراہم کرتے ہیں۔ہائی کمشنر نے حلال صنعت کو بھی پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی تعاون کا ایک اہم اور امید افزا شعبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کو حلال مصنوعات کی تیاری، فوڈ ٹیکنالوجی اور عالمی حلال نظام میں وسیع مہارت حاصل ہے، جبکہ پاکستان زراعت اور غذائی پیداوار کے شعبوں میں مضبوط صلاحیت رکھتا ہے۔

دونوں ممالک کی مشترکہ کوششیں اس شعبے میں باہمی فائدے کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام کوالالمپور میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر نے ملائیشین ہائی کمیشن کے افسران اور عملے کی محنت، لگن اور خدمات کو سراہا اور سال بھر سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد میں ان کے کردار کی تعریف کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے البرٹ آئن اسٹائن سے منسوب قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کل سے سیکھیں، آج کے لیے جئیں اور آنے والے کل سے امید رکھیں، اہم بات یہ ہے کہ سوال کرنا بند نہ کریں۔ انہوں نے اس قول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک اہم بات یہ بھی ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ، مکالمہ اور باہمی روابط کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور پرامن و خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔ہائی کمشنر نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان، ملائیشیا اور تقریب میں نمائندگی کرنے والے تمام ممالک کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناں کا اظہار کیا۔تقریب کے بعد مہمانوں کی تواضع کی گئی، جہاں سفارتی، سرکاری اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایک دوسرے سے ملاقات، تبادلہ خیال اور نئے روابط استوار کرنے کا موقع ملا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔