ہومپاکستانڈریپ کا لاہور میں سرنج بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، غیر رجسٹرڈ سرنجز برآمد، فیکٹری سیل

ڈریپ کا لاہور میں سرنج بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، غیر رجسٹرڈ سرنجز برآمد، فیکٹری سیل

اسلام آباد(سب نیوز)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)نے لاہور میںسرنجز تیار کرنے والے ایک مینوفیکچرنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ سرنجز برآمد کر کے قبضے میں لے لیں، جبکہ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈریپ لاہور فیلڈ آفس کی ٹیم نے وفاقی ڈرگ انسپکٹر ماہم مصباح کی سربراہی میں کارروائی کی۔

ٹیم میںایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹرشیخ عبدالرشیدبھی شامل تھے۔ کارروائی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ ملک اور ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس اینڈ لیبارٹری ٹیسٹنگ ذیشان نذیر کی ہدایات پر کی گئی۔معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ یونٹ لائسنس کے بغیر سرنجز کی تیاری اور پیکنگ میں ملوث تھا، جبکہ وہاں مطلوبہ اہل اور کوالیفائیڈ افراد بھی موجود نہیں تھے۔ ڈریپ ٹیم نے کارروائی کے دوران 3 ملی لیٹر اور 5ملی لیٹر کی بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ سرنجزبرآمد کر کے قبضے میں لے لیں۔

ڈریپ حکام کے مطابق ضابطہ جاتی کارروائی کے تحت مینوفیکچرنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی طبی آلات کی تیاری اور فراہمی پر موثر نگرانی یقینی بنانے اور جعلی و غیر معیاری مصنوعات کی مارکیٹ میں رسد کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ترجمان ڈریپ کا کہنا ہے کہ عوام کو دستیاب طبی آلات کے معیار، حفاظت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں معائنوں اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔