ہومپاکستانپاکستان اور پرتگال کے درمیان زیتون کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور پرتگال کے درمیان زیتون کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے پرتگال کے سفیر پالو میگوئل گویڈیز ڈومنگیوز کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں دوطرفہ تعاون، بالخصوص پاکستان کے زیتون کے شعبے کی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، بالخصوص زیتون کی کاشت، زیتون کے تیل کی پیداوار، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دور پرتگال کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے پرتگال میں زیتون کے تیل کے شعبے میں استعمال ہونے والی جدید مشینری، ٹیکنالوجی اور مہارت کو سراہا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان زیتون کے جرثومہ جاتی مواد، جدید باغبانی، موثر آبپاشی، پانی کے تحفظ، مشینی برداشت، زیتون کے تیل کی کشید و پیداوار اور برداشت کے بعد انتظام کے شعبوں میں پرتگال کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تکنیکی ماہرین کو خصوصی تربیت کے لیے پرتگال بھیجنا چاہتا ہے، جبکہ پرتگالی ماہرین بھی پاکستان کا دورہ کریں تاکہ مقامی حالات کا جائزہ لے کر موزوں ٹیکنالوجیز اور طریقہ کار کے بارے میں سفارشات پیش کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے وزیرِ زراعت کے متوقع دور پاکستان کا منتظر ہے، جس کے دوران زرعی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور ممکنہ مفاہمت کی یادداشت پر پیش رفت متوقع ہے۔انہوں نے پاکستان۔پرتگال مشترکہ ورکنگ گروپ برائے زیتون تعاون کے قیام کی تجویز پیش کی، جو تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی، ماہرین کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی و تربیتی پروگراموں اور زیتون کی مکمل ویلیو چین میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔وفاقی وزیر نے جنگلی زیتون کے جرثومہ جاتی موادکے حوالے سے پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال کے ساتھ تعاون سے خشک سالی اور شدید درجہ حرارت والے علاقوں کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی اور زیادہ پیداوار دینے والی زیتون کی اقسام تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے پرتگالی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو زیتون کے تیل کی کشید و پروسیسنگ، بوتلنگ، پیکیجنگ، برانڈنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستانی زیتون کے تیل کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے معیار کی جانچ، سرٹیفیکیشن، ٹریس ایبلٹی اور بین الاقوامی معیارات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پرتگال کے سفیر پالو میگوئل گویڈیز ڈومنگیوز نے زراعت اور بالخصوص زیتون کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے میں پرتگال کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں زیتون کی کاشت کے بڑھتے ہوئے امکانات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی، تکنیکی اور نجی شعبے کے روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ٹیکنالوجی، تربیت، تحقیق، سرمایہ کاری اور مارکیٹ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر پاکستان کی ابھرتی ہوئی زیتون کے تیل کی صنعت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔