اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی آئینی عدالت نے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی تنازع کو بار بار عدالتوں میں اٹھانا عدالتی عمل کا ناجائز استعمال ہے۔ حتمی فیصلے صرف فراڈ، غلطی یا دائرہ اختیار کی کمی ثابت ہونے پر ہی دوبارہ کھولے جا سکتے ہیں۔
عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انوری بی بی کے ورثا کی اپیل کی اجازت سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔ مقدمہ ضلع بھکر میں لڑکیوں کے اسکول کی تعمیر کے لیے استعمال ہونے والی زمین کی ملکیت سے متعلق تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ زمین کی تقسیم کا معاملہ پہلے ہی حتمی ہو چکا تھا اسے دوبارہ عملدرآمد کی کارروائی کے ذریعے چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔جسٹس روزی خان بریچ اور جسٹس سید ارشد حسین شاہ پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا۔ تفصیلی فیصلہ جسٹس ارشد حسین شاہ نے تحریر کیا۔
