ہومبریکنگ نیوزصدر مملکت آصف علی زرداری کا عوامی جمہوریہ الجزائر کے قومی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری کا عوامی جمہوریہ الجزائر کے قومی دن کے موقع پر خصوصی پیغام

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوامی جمہوریہ الجزائر کے قومی دن اور تاریخی تحریکِ آزادی کے آغاز کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے اور اپنی طرف سے وہ صدر عبدالمجید تبون اور الجزائر کے برادر عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الجزائر کے عوام کی جرأت، قربانیاں اور آزادی کی جدوجہد آج بھی آزادی، وقار اور خودمختاری پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ پاکستان نے نوآبادیاتی تسلط کے خلاف الجزائر کی جدوجہد کے دوران بھرپور حمایت کی۔ 1958 میں الجزائر کی آزادی سے قبل اس کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنا دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کی دوستی ایک قابلِ فخر سیاسی اور ذاتی ورثے کی بھی حامل ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی الجزائر کی قیادت، بالخصوص احمد بن بلا اور ہواری بومدین کے ساتھ دوستی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اس دوستی کو آگے بڑھایا۔ جولائی 1990 میں ان کا دورہ الجزائر اور صدر شاذلی بن جدید سے ملاقات باہمی یکجہتی اور احترام پر مبنی تعلقات کے تسلسل کی عکاس تھی۔ ان کے لیے یہ تعلقات قومی ورثے کے ساتھ ساتھ ایک قابلِ قدر خاندانی میراث بھی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ تاریخی ورثہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر دونوں ممالک کے تعاون کی رہنمائی کرتا ہے۔ پاکستان اور الجزائر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں، ریاستوں کی خودمختار مساوات، حقِ خودارادیت اور تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کرتے ہیں۔ 2025 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دونوں ممالک کی بیک وقت رکنیت کے دوران تعاون نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر فلسطینی عوام کے حقِ آزادی اور القدس الشریف کو دارالحکومت بناتے ہوئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت میں متحد ہیں۔ دونوں ممالک مغربی ایشیا میں تنازعات کے حل، شہریوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو بھی ناگزیر سمجھتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صدر عبدالمجید تبون کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی دوستی کو مزید گہرا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد رکھنے والی سابقہ نسلوں کی یکجہتی کو عوام کے لیے مزید مواقع میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کے لیے صحت و خوشی اور الجزائر کے برادر عوام کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔