اسلام آباد(سب نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ویزا پالیسی اور پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے اجرا سے متعلق افواہوں اور بعض میڈیا رپورٹس کے برعکس حقائق مختلف ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانیوں کو جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد وہاں سے واپس بھیجے گئے پاکستانیوں کی تعداد سے تقریبا سات گنا زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران اوسطا ہر سال 7 سے 8 ہزار پاکستانیوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات سے واپس بھیجا گیا۔ترجمان کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد، ویزا حاصل کرنے کے بعد تین ماہ کے اندر غائب ہو کر غیر قانونی حیثیت اختیار کرنے والے افراد، لڑائی جھگڑوں اور دیگر معمولی جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس گزشتہ پانچ سال کے دوران تقریبا 40 سے 50 ہزار پاکستانیوں کو متحدہ عرب امارات میں روزگار کے مواقع ملے اور انہیں ویزے جاری کیے گئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اماراتی ویزا پالیسی سے متعلق معلومات کو حقائق کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے اور غیر مصدقہ افواہوں یا گمراہ کن رپورٹس سے گریز کرنا چاہیے۔
