اسلام آباد(آئی پی ایس ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کو کاروباری برادری کے اہم مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالخصوص اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے موزوں زمین کی فراہمی اور چیمبر میں بینکنگ محتسب پاکستان کا سہولت ڈیسک قائم کرنے کے معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز چیمبر ہا ئوس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان سواتی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی مثر نمائندگی کرے گی اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید صنعتی اسٹیٹ کا قیام نئی سرمایہ کاری راغب کرنے، صنعتی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس تجویز کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے اور موزوں زمین کی نشاندہی اور فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بینکنگ محتسب پاکستان کے سہولت ڈیسک کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کاروباری افراد کو بینکاری سے متعلق شکایات کے ازالے، رہنمائی اور معاونت تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس تجویز کو عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کاری میں تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی
۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاس کے دروازے کاروباری برادری کے لیے کھلے ہیں اور وہ آئی سی سی آئی کی قیادت کے ساتھ باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ کاروباری برادری کے تحفظات اور سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز متعلقہ فورمز پر مثر انداز میں پیش کی جا سکیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری، برآمدات، مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ میں اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ اسلام آباد میں ضروری بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں سے آراستہ جدید انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی حمایت کی جائے، کیونکہ موزوں زمین کی دستیابی نئی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کاروباری افراد کو بینکاری سے متعلق شکایات کے حل اور بروقت رہنمائی فراہم کرنے کے لیے آئی سی سی آئی میں بینکنگ محتسب پاکستان کا دفتر یا سہولت ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
