ہومپاکستانمضبوط پارلیمان اور آئین کی بالادستی پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے،چیئرمین سینیٹ

مضبوط پارلیمان اور آئین کی بالادستی پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 10 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس نے پاکستان کے پارلیمانی سفر کا آغاز کیا اور یہ بانیانِ پاکستان کی جمہوری امنگوں کا تاریخی اظہار تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مضبوط پارلیمانی ادارے قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان قانون سازی، مکالمے اور جمہوری مباحثے کے ذریعے عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہے۔ انہوں نے وفاق کو مضبوط بنانے میں سینیٹ کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرکے قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں برداشت، باہمی احترام، مکالمے اور اتفاقِ رائے کی پارلیمانی روایات کو فروغ دیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت، آئینی حکمرانی اور موثر پارلیمانی اداروں کے استحکام کے لیے سینیٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو پاکستان کے جمہوری اور آئینی سفر سے روشناس کرانے اور پارلیمان کو مزید موثر، قابلِ رسائی اور عوام دوست بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مضبوط پارلیمان مضبوط وفاق اور مستحکم و خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی جمہوری میراث کا تحفظ کریں اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے مزید مضبوط بنائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔